ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ای وی ایم گڑبڑی معاملے میں کانگریس کو جھٹکا،ہائی کورٹ نے ایک اور درخواست مسترد کردی

ای وی ایم گڑبڑی معاملے میں کانگریس کو جھٹکا،ہائی کورٹ نے ایک اور درخواست مسترد کردی

Thu, 17 Dec 2020 18:58:15    S.O. News Service

نینی تال،17 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) اتراکھنڈ میں نینی تال ہائی کورٹ نے ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) میں گڑبڑی کے معاملے میں کانگریس کو جھٹکا دیتے ہوئے ایک اور درخواست خارج کردی۔ اس سے قبل بھی عدالت 5 درخواستوں کو مسترد کر چکی ہے۔

ای وی ایم میں گڑبڑی کے معاملے میں کانگریس کے رہنما پربھولال بہوگنا کی جانب سے ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بہوگونا 2017 اسمبلی میں دہرادون کے رائے پور اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار رہ چکے ہیں اور انہوں نے بی جے پی کے ایم ایل اے امیش شرما کاؤ کے انتخاب کو چیلنج کیا تھا۔

انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں ای وی ایم میں گڑبڑی کی گئی۔ الیکشن میں ریٹرننگ آفیسر کی فراہم کردہ ای وی ایم مشینیں استعمال نہیں کی گئیں۔ اس معاملے میں حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے جسٹس لوک پال سنگھ کی بنچ نے کہا کہ ای وی ایم میں قانونی چارہ جوئی کی وجہ پیدا نہیں ہوئی ہے اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت انتخابی درخواست کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 7 دسمبر کو عدالت نے کانگریس قائدین نوپربھات، راجکمار، امبیریش کمار، گوداوری تھپلی اور وکرم سنگھ سے متعلق مقدمات کو خارج کردیا ہے۔ کانگریس کے ان رہنماؤں نے بی جے پی کے ایم ایل اے مننا سنگھ چوہان (وکاس نگر)، کھنڈاس (دہرادون)، آدیش کمار (ہریدوار)، گنیش جوشی (منسوری) اور وجئے سنگھ پنور (پرتاپ نگر) کے انتخابات کو ای وی ایم کے بہانے چیلنج کیا تھاکہ ای وی ایم میں ان کے انتخابی حلقوں میں گڑبڑی کی گئی ہے۔


Share: